دنیا: کورونا وائرس سے اموات 41 لاکھ سے متجاوز

بین اقوامی تازہ ترین کورونا
دنیا: کورونا وائرس سے اموات 41 لاکھ سے متجاوز

دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 کروڑ 8 لاکھ 91 ہزار 936 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 41 لاکھ 1 ہزار 347 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 28 لاکھ 76 ہزار 69 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 80 ہزار 638 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 17 کروڑ 39 لاکھ 14 ہزار 520 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 6 لاکھ 24 ہزار 715 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 49 لاکھ 53 ہزار 937 ہو چکی ہے۔

1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس وائرس سے 4 لاکھ 13 ہزار 640 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 3 کروڑ 11 لاکھ 6 ہزار 65 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے تاہم یہ اموات کے حوالے سے فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس جان لیوا وائرس سے 5 لاکھ 41 ہزار 323 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 93 لاکھ 42 ہزار 448 ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا میں کورونا وائرس کیسز 19 کروڑ سے متجاوز

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 1 لاکھ 48 ہزار 419 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 59 لاکھ 58 ہزار 133 ہو چکی ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 1 لاکھ 11 ہزار 467 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کل کیسز 58 لاکھ 55 ہزار 198 رپورٹ ہوئے ہیں۔

ترکی میں کورونا وائرس سے اموات 50 ہزار 488 تک جا پہنچی ہیں جبکہ کیسز 55 لاکھ 22 ہزار 39 ہو چکے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 28 ہزار 683 ہو گئی جبکہ کیسز کی تعداد 53 لاکھ 86 ہزار 340 ہو چکی ہے۔

ارجنٹینا میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات 1 لاکھ 1 ہزار 434 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 47 لاکھ 49 ہزار 443 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

کولمبیا میں کورونا وائرس 1 لاکھ 15 ہزار 831 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس موذی وباء کے 46 لاکھ 21 ہزار 260 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اٹلی اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 1 لاکھ 27 ہزار 864 ہو گئی جبکہ اس کے کل کیسز 42 لاکھ 84 ہزار 332 ہو گئے۔

سعودی عرب اسی فہرست میں 45 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 8 ہزار 63 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 8 ہزار 521 تک جا پہنچی ہے۔

1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 102 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 92 ہزار 246 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں، کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 5 فیصد کے قریب ہو گئی۔

  (VPN کیا ہے ، بہترین VPN نیٹ ورک کیا ہیں؟):-مزید پڑھیں

سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں ایک بار پھر کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں اور کیسز میں اضافہ جاری ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 607 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 21 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، کورونا کے مزید 834 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 34 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 22 ہزار 781 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 89 ہزار 275 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 47 ہزار 331 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 508 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 لاکھ 19 ہزار 163 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 48 ہزار 816 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 53 لاکھ 93 ہزار 974 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 لاکھ 13 ہزار 82 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 27 لاکھ 35 ہزار 993 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔