سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل بھارت کی ذمے داری ہے: دفترِ خارجہ

تازہ ترین قومی

دفترِ خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت آج سے ایک مہینے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے، اس موقع پر بھارت کو جموں و کشمیر پر سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کی ذمے داری یاد کرائیں گے۔

یہ بات دفترِ خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کے آج سے ایک مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے موقع پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا صدر اجلاس کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلانے کا پابند ہے، سلامتی کونسل کے صدر کی ذمے داری اجلاس کا انتظام کرنا ہوتا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ بھارت سلامتی کونسل کی صدارت کے لیے قاعدے و اقدار کی پاسداری اور احترام کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ انگریزی حروفِ تہجی کے حساب سے ہر رکن ملک سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ترتیب وار نظام کے مطابق ہر ماہ 1 رکن ملک 1 ماہ کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمے داری سنبھالتا ہے۔